وزیر آباد میں غیر قانونی پیٹرول ایجنسی پر ٹینکی پھٹنے سے زخمی مزید 5 افراد دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی۔
11 جون کی دوپہر کو وزیرآباد میں علی پور چٹھہ کے نواحی گاؤں نوئیں والا چٹھہ میں واقع ایک غیر قانونی پیٹرول ایجنسی کی ٹینکی اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گئی جب ایک بڑے آئل ٹینکر سے ٹینکی میں پیٹرول کی منتقلی کی جا رہی تھی۔
ٹینکی میں آگ بھڑکتے ہی ٹینکر کا ڈرائیور ٹینکر کو بھگا کر دور لے گیا تاہم آگ کی زد میں آ کر دکاندار سمیت عام شہری بھی شدید زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122 کے ذریعے کھاریاں برن سینٹر لاہور اور گوجرانوالہ منتقل کیا گیا۔
2 زخمی 48 سالہ محمد ریاض اور 31 سالہ اویس 2 روز قبل جبکہ 5 زخمی 32 سالہ عامر، 40 سالہ سرفراز، 15 سالہ منیب، 38 سالہ انصر اور 37 سالہ محمد سلیم آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہو گئی جبکہ مزید 4 افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔