فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مختصر ملاقات ہوئی، جس میں مختصر ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے دورے پر موجود فیلڈ مارشل سید عاصم منیر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچے، جہاں امریکی صدر کی جانب سے فیلڈ مارشل کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔
بعدازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں مختصر ملاقات ہوئی، آئی ایس آئی چیف سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیدار بھی ملاقات میں موجود تھے۔
فیلڈ مارشل اور امریکی صدر کی مختصر ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی، پاک بھارت جنگ پر سید عاصم منیر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں خطے میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک امریکا تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا، ملاقات کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر وائٹ ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ کسی بھی آرمی چیف کی امریکی صدر سے پہلی ملاقات ہے، فیلڈ مارشل کا یہ تاریخی دورہ پاک امریکا تعلقات اور عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کی پہچان کی عکاسی کا مظہر ہے، یہ ملاقات علاقائی اور عالمی استحکام میں کلیدی شراکت دار کے طور پر پاکستان کی عسکری قیادت پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور اہمیت کی نشاندہی کرتی ہے۔
علاوہ ازیں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے پہلے وائٹ ہاؤس مدعوکیا گیا جو امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی اسٹریٹجک ترجیح کا واضح اشارہ ہے، امریکی صدر سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات اس بات کی غمازی ہے کہ امریکا علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار سے بخوبی واقف ہے۔
فیلڈ مارشل کا دورہ امریکا پاکستان کا جنوبی ایشیا نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر کردار واضح کرتا ہے، یہ دورہ تعلقات، عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کی پہچان ہے، ٹرمپ اور فیلڈ مارشل کی ملاقات پاکستان کی عسکری قیادت پر بڑھتے اعتماد، اہمیت کی نشاندہی کرتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی تعریف کردی
اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پاکستان بہت پسند ہے اور وہاں کے لوگ بھی بہت اچھے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دنوں جوہری طاقت رکھتے ہیں اور ان کے درمیان جنگ کو میں نے ختم کروایا اور تجارت پر آمادہ کیا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف اپنے ملک کی ایک بااثر شخصیت ہیں اور انہوں نے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔