کراچی کےعلاقے کلفٹن میں گھر سے 5 کروڑ چوری کرنیوالی گھریلو ملازمہ پکڑی گئی، 13 سال سے چوریاں کرنے والی گھریلو ملازمہ نے 5 کروڑ سے زائد کی رقم سے کراچی اور پنجاب میں فلیٹ، پلاٹ، دکانیں اور گاڑیاں خریدیں اورمالکان کوکانوں کان خبر نہ ہوئی، پولیس نے تقریبا سوا کروڑکی ریکوری کرلی ہے۔
کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں ایک حیران کن واردات سامنے آئی ہے جہاں 13 برس سے ایک ہی گھر میں کام کرنے والی گھریلو ملازمہ نے مالکان کو بے خبر رکھتے ہوئے 5 کروڑ روپے سے زائد رقم چوری کرلی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ شہناز اور اس کے بیٹے آصف اور ساتھی حماد کو گرفتار کر کے تقریباً سوا کروڑ روپے کی ریکوری کر لی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمہ شہناز نے چوری شدہ رقم سے کراچی اور پنجاب میں فلیٹ، پلاٹ، دکانیں اور قیمتی گاڑیاں خرید رکھی تھیں۔
ملزمہ نے 50 لاکھ اور 40 لاکھ مالیت کی دو گاڑیاں، 70 لاکھ روپے کی ایک دکان اور دیگر املاک بھی حاصل کیں۔ فلیٹ اور دکان کو سیل کر کے 46 لاکھ روپے کی نقدی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
واقعے کا مقدمہ خیابان تنظیم کی رہائشی ایک خاتون نے 16 جون کو کلفٹن تھانے میں درج کرایا۔ خاتون نے بتایا کہ ان کے شوہر حسن جلیل بیرون ملک کاروبار کرتے ہیں اور گھر پر نقد رقم کی آمدورفت معمول کی بات ہے۔
مدعیہ کا کہنا ہے کہ انہیں ان کے شوہر کا فون موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ ایک خاتون گلزار نے فون کر کے انکشاف کیا کہ ان کی ملازمہ شہناز مختلف اوقات میں گھر سے بھاری رقوم چراتی رہی ہے۔
بعد ازاں اکاونٹنٹ کے ذریعے مالی ریکارڈ چیک کیا گیا تو تقریباً 5 کروڑ روپے کی کمی کا انکشاف ہوا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ شہناز اپنے بیٹے آصف کے ساتھ گھر پر آتی تھی اور اس پر خاندان کو مکمل اعتماد تھا۔
ملزمہ کا پہلے کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ پولیس نے تینوں گرفتار ملزمان کو جیل منتقل کر دیا ہے اور مزید ریکوری و تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔