برازیل کی جنوبی ریاست سانتا کاتارینا میں ہفتہ کے روز ایک گرم ہوا کا غبارہ آتشزدگی کے باعث فضا میں تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق غبارے میں 22 افراد سوار تھے جن میں پائلٹ بھی شامل تھا۔
مقامی خبررساں ادارے کی جانب سے شیئر کی گئی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ غبارے سے آگ کے شعلے اور دھواں نکل رہا تھا جب وہ تیزی سے زمین کی طرف گر رہا تھا۔
سانتا کاتارینا کی فوجی فائر بریگیڈ نے بتایا کہ 13 افراد زخمی حالت میں بچا لیے گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
امریکا میں غبارے سے متعلق قرارداد کی منظوری پرچین کی مذمت
ریاستی گورنر جارجینہو میلّو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری بیان میں کہا: ”ہماری ٹیمیں متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کو تمام ضروری امداد فراہم کر رہی ہیں۔ ہم صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔“
یہ واقعہ سانتا کاتارینا کے علاقے پرائیا گرانڈی میں پیش آیا، جو جون میں کیتھولک مقدسین خصوصاً سینٹ جون کے اعزاز میں ہونے والی تقریبات کے دوران غبارہ سواری کے لیے معروف مقام سمجھا جاتا ہے۔
غبارے نے امریکی وزیر خارجہ کا دورہ چین ملتوی کرادیا
واضح رہے کہ برازیل میں حالیہ دنوں میں غبارے کے حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ اتوار کو ساؤ پالو میں ایک غبارہ گرنے سے ایک 27 سالہ خاتون ہلاک اور 11 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
دنیا کے دیگر حصوں میں بھی حالیہ برسوں میں کئی مہلک حادثات پیش آ چکے ہیں، جن میں 2024 میں آسٹریلیا اور امریکہ جبکہ 2023 میں میکسیکو میں ہونے والے حادثات شامل ہیں۔