شہر قائد میں لڑکی کو تشدد کے بعد قتل کرنے اور خاموشی سے دفنانے کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی۔ واقعہ گلشن معمار کے افغان کیمپ میں پیش آیا، جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ آرام بی بی کے والد یاسین کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق آرام بی بی کو اس کے شوہر محمد افغانی اور والد نے مبینہ طور پر تشدد کر کے قتل کیا، جس کے بعد مقتولہ کے ورثا بغیر اطلاع تدفین کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا۔ مقتولہ آرام بی بی ایک بچی کی ماں تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا شوہر محمد افغانی اور دیگر ملزمان فرار ہو چکے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار والد سے تفتیش کے دوران قتل کی وجوہات اور دیگر شریک ملزمان کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔