وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ایران اسرائیل تنازع کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم ترین اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، فیلڈ مارشل عاصم منیر، مسلح افواج کے اعلیٰ ترین نمائندے اور متعلقہ حکام شریک ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا گیا، اجلاس کے بعد حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر اعلامیہ جاری کرکے فیصلوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی ( این ایس سی ) کا اجلاس پیر کی دوپہر 12 بجے طلب کرلیا ہے، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر دفاع ، وزیر داخلہ، نائب وزیراعظم اور عسکری اور سول قیادت شرکت کرے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ملکی داخلی اور سرحدی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ قومی سلامتی کمیٹی میں ایران کی حمایت اور دیگر امور پر بڑے فیصلوں کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی میں ایران، اسرائیل، امریکا تنازع پر تفصیلی مشاورت ہو گی۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر حالیہ دورہ امریکا پر قومی سلامتی کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے۔