ملک میں بارش کے نئے اسپیل نے دستک دے دی، پنجاب میں 25 جون سے یکم جولائی تک تیز آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی گئی۔
پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں آندھی جھکڑ اور بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، جس کے مطابق 25 جون سے یکم جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی گرد آلود ہوائیں اور بارش کی پیشگوئی ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاوالدین اور حافظ آباد میں بادل برسیں گے، گجرات، جہلم، گجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ اور سرگودھا میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔
اس کے علاوہ 26 سے 28 جون کے دوران جنوبی پنجاب کےاضلاع ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولنگر میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، بارشوں کے سلسلے سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہو گی۔
محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیا گیا، شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، آندھی اور طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں، عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
دوسری جانب سبی 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین شہر رہا جبکہ تربت، جیکب آباد اور دادو میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔