ترجمان دفترخارجہ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر پاکستان کا مؤقف جاری کردیا، جس میں جنگ بندی کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بیان میں کہا کہ پاکستان ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتا ہے اور دونوں فریقین سے جنگ بندی برقرار رکھنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ خطے میں سفارت کاری بحال کرنے کی کوششوں کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں، خطے میں سفارت کاری اور مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ خطے میں امن و استحکام اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حاصل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن طاقت کے استعمال سے گریز کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے اور پاکستان اس بابت تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
قبل ازیں اسرائیل اور ایران کی جنگ بندی کے حوالے سے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں آگاہ کیا تھا اور ان کا یہ بیان ایران کے ان حملوں کے بعد سامنے آیا تھا جس میں قطر میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔