ملک بھر میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری

0 minutes, 0 seconds Read

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے موسمی صورتحال کے پیش نظر یکم جولائی تک کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، باغ، راولا کوٹ اور مظفرآباد میں تیز بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب کی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔

ادھر سندھ میں بھی بادل برسنے کو تیار ہیں،سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، کراچی، تھرپارکر، میرپور خاص، ٹھٹھہ اور بدین کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

پشاور، صوابی، چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان سمیت دیگر اضلاع میں بھی طوفانی بارش کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے گلگت بلتستان اور شمالی علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Similar Posts