بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی حالیہ کامیابی کو تین بڑی جہتوں میں سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف عسکری میدان میں بھارتی فوج کو شکست دی، بلکہ سفارتی محاذ پر بھی تاریخی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے بیانیے میں بھی واضح فتح حاصل کی، جس میں نوجوانوں نے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر بھرپور مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستانی میڈیا نے مؤثر کردار ادا کیا اور دنیا نے اس کی کارکردگی کو سراہا جبکہ مشکلات کے باوجود میڈیا نے پاکستان کا بیانیہ پوری دنیا تک کامیابی سے پہنچایا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ”میٹ دی پریس“ سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی میں بھارت کو تین بڑے محاذوں پر شکست دی ہے، جن میں عسکری، سفارتی اور بیانیے کی سطح پر تاریخی کامیابیاں شامل ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی یہ فتح اس تناظر میں اور بھی اہم ہے کہ بھارت ہم سے سات گنا بڑا ملک ہے، اس کے باوجود ہم نے نہ صرف میدان میں بلکہ بیانیے اور سفارت کاری میں بھی اس کو شکست دی۔ اب ہم برابری کی بنیاد پر کھڑے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے اپنے ماضی سے انکار نہیں کیا اور نہ ہی مشکل وقت میں شفافیت سے پیچھے ہٹا۔ جنگ کے دوران پاکستان مکمل طور پر شفاف رہا جبکہ بھارت نے نہ صرف میڈیا کے ذریعے بلکہ ہاٹ لائن کے ذریعے بھی جھوٹ پھیلایا، بھارت نے اپنی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور کسی کے ساتھ اپنی معلومات شیئر نہیں کیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے صحیح وقت پر درست فیصلہ لیا اور واضح پیغام دیا کہ پاکستان بین الاقوامی تحقیقات کے لیے تیار ہے کیونکہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں۔
اپنے خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے میڈیا اور نوجوانوں کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر بھارت کو شکست دی جبکہ پاکستانی میڈیا نے عالمی سطح پر بیانیے کے میدان میں تاریخی فتح حاصل کی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ دنیا نے پاکستانی میڈیا کی پیشہ ورانہ رپورٹنگ کو سراہا اور اسے معتبر سمجھا۔
انہوں نے صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صف اول کا کردار آپ صحافیوں کا تھا، اور آپ نے اپنی کریڈبیلیٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ مشکلات کے باوجود آپ نے پاکستان کا بیانیہ دنیا تک پہنچایا۔ آخر میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک بڑا محاذ بیانیے کا تھا اور اس محاذ پر پاکستان کو واضح فتح حاصل ہوئی، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔