مشہور بھارتی ماڈل اور اداکارہ شیفالی جریوالا 42 برس کی عمر میں چل بسیں۔ ممبئی پولیس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی لاش ممبئی کے علاقے اندھیری میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ملی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے ان کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔
شیفالی جریوالا کو ان کے شوہر پراگ تیاگی اور تین دیگر افراد بیلیویو ملٹی اسپیشلٹی اسپتال لے کر پہنچے تھے، تاہم اسپتال کے عملے کے مطابق، وہ پہلے ہی دم توڑ چکی تھیں۔
’سویٹ ہارٹ ہانیہ، سب کو سردار جی 3 دیکھنی چاہیے‘راکھی ساونت ہانیہ عامر کے دفاع میں اٹھ کھڑی ہوئیں
صحافی وکی لالوانی نے سب سے پہلے ان کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر دی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’شیفالی جریوالا، یعنی ’کانٹا لگا‘ گرل اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔ اسپتال کے عملے نے تصدیق کی ہے کہ انہیں مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔ ان کے ساتھ شوہر اور کچھ قریبی لوگ موجود تھے۔‘
ادھر شوہر پراگ تیاگی نے تاحال میڈیا سے بات نہیں کی اور نہ ہی بیوی کی موت کی تصدیق یا تردید کی ہے۔ وہ اسپتال سے روانہ ہوتے وقت فوٹوگرافرز کے کیمروں میں دیکھے گئے۔
شیفالی جریوالا نے 2002 میں ’کانٹا لگا‘ گانے کے ری مکس سے شہرت حاصل کی تھی، جس میں ان کی دلکش پرفارمنس نے نوجوان نسل کو اپنا گرویدہ بنا لیا تھا۔ وہ دراصل کمپیوٹر انجینیئر بننا چاہتی تھیں، لیکن شوبز نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔ بعد ازاں انہوں نے کئی میوزک ویڈیوز اور فلموں میں بھی کام کیا، تاہم انہیں آج بھی ’کانٹا لگا گرل‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
مشہور زمانہ فلم ’شعلے‘ کو ’نئے اختتام‘ کے ساتھ ریلیز کرنے کی تیاری
2020 میں شیفالی نے سلمان خان کے مشہور ریئلٹی شو ”بگ باس“ میں بھی حصہ لیا تھا، جہاں ان کی شخصیت کو عوام نے خوب سراہا۔ ان کی اچانک موت کی خبر نے شوبز انڈسٹری سمیت مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
ممبئی پولیس نے معاملے کی مکمل چھان بین کا عندیہ دیا ہے، اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔