مخصوص نشستوں کی بحالی اور ان کے تعین کا عمل آج مکمل ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا جس میں الیکشن کمیشن کے ممبران اور قانونی ٹیم شرکت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق حالیہ فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور اس پر عملدرآمد کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی 22 مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں میں تقسیم کی جائیں گی۔
اس تقسیم کے بعد مسلم لیگ (ن) کی نشستوں کی تعداد 111 سے بڑھ کر 126 ہو جائے گی۔ پیپلزپارٹی کی نشستیں 70 سے بڑھ کر 74 ہو جائیں گی جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ارکان کی تعداد 8 سے بڑھ کر 11 ہو جائے گی۔
یہ پیشرفت حکومت سازی اور پارلیمانی طاقت کے توازن پر اہم اثر ڈالے گی۔