پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف وزیراعظم شہبازشریف کا ہرجانہ کیس سپریم کورٹ تک پہنچ گیا جبکہ سابق وزیراعظم نے عدالتی دائرہ اختیار عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دائر کردہ ہرجانہ کیس کے خلاف سابق وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا اور انہوں نے کیس کی کارروائی اور عدالتی دائرہ اختیار کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا۔
درخواست میں عمران خان کی ہرجانہ کیس کی کارروائی اپیل پر فیصلے تک معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ قانون کے مطابق ڈسٹرک اینڈ سیشن عدالت ہی ہرجانہ کیس کی سماعت کر سکتی ہے جبکہ درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کے دائرہ اختیار پر اعتراض کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایڈیشنل سیشن جج نے اعتراض مسترد کیا تاہم لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ برقرار رکھا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ لاہور ہائیکورٹ اور ایڈیشنل سیشن جج کے احکامات کو کالعدم قرار دے، اپیل پر فیصلے تک لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرکے کارروائی سے روکا جائے۔