ظہران ممدانی ایک ”خوفناک کمیونسٹ“ اور امریکا کے لیے بری خبر ہیں، ٹرمپ

0 minutes, 0 seconds Read

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک کے میئر کے امیدوار ظہران ممدانی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ”خوفناک کمیونسٹ“ قرار دے دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر نیویارک کے لوگ واقعی انہیں ووٹ دیتے ہیں، تو پھر لگتا ہے پورا نیویارک ہی پاگل ہو چکا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک کے ممکنہ میئر اور ریاستی اسمبلی کے رکن ظہران ممدانی پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے انہیں ”خالص اور خوفناک کمیونسٹ“ قرار دیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر ممدانی منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ امریکی عوام کے لیے بری خبر ہوں گے۔

فاکس نیوز پر ”سنڈے مارننگ فیوچرز“ میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ”اگر وہ (ممدانی) میئر بنے تو میں صدر ہوں گا اور انہیں درست فیصلے کرنا ہوں گے، ورنہ انہیں وفاقی حکومت سے کوئی فنڈ نہیں ملے گا۔“

ٹرمپ نے طنزیہ انداز میں مزید کہا کہ انہوں نے سنا ہے ممدانی ایک پاگل شخص ہیں اور اگر نیویارک کے لوگ واقعی انہیں ووٹ دیتے ہیں، تو پھر لگتا ہے پورا نیویارک ہی پاگل ہو چکا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ نیویارک کے لیے بہت برا ہوگا۔ یہ تصور بھی نہیں کیا جا سکتا کہ وہ (ممدانی) جیت جائیں گے۔ پہلے میں سمجھتا تھا کہ امریکا میں کوئی سوشلسٹ نہیں آ سکتا، لیکن اب لگتا ہے کہ ایک کمیونسٹ نیویارک کا میئر بننے جا رہا ہے۔

امریکی صدر پہلے بھی ممدانی کو دھمکی دے چکے ہیں کہ اگر میئر کے جمہوری سوشلسٹ امیدوار ظہران ممدانی منتخب ہونے کی صورت میں درست برتاؤ نہیں کریں گے تو نیویارک سٹی کو وفاقی فنڈز نہیں دینگے۔

واضح رہے کہ ممدانی نیویارک میئر شپ کےلیے مضبوط امیدوار ہیں۔ ظہران ممدانی جن کی عمر 33 سال ہے اور جو یوگنڈا سے تعلق رکھتے ہیں، نیویارک کے ضلع کوئنز سے ریاستی اسمبلی کے رکن ہیں۔

وہ حالیہ ڈیموکریٹک پرائمری میں غیر متوقع طور پر سرفہرست آئے، جہاں انہوں نے سابق گورنر اینڈریو کومو سمیت 11 امیدواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 43.5 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ کومو 36.4 فیصد ووٹ لے سکے۔

Similar Posts