جتھوں کی بلیک میلنگ نہیں چلے گی، جرم کرنے اور کرانے والے انجام بھگتیں گے، طلال چوہدری

وزیر مملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جتھوں کی بلیک میلنگ نہیں چلے گی، جرم کرنے اور کرانے والے انجام بھگتیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ریاست کسی بھی دباؤ یا جتھوں کی بلیک میلنگ کے آگے نہیں جھکے گی، قانون ہاتھ میں لینے والوں اور پسِ پردہ سازش کرنے والوں دونوں کو اپنے اعمال کا جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ واقعات میں شامل عناصر ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت واضح طور پر یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ جرم کرنے والے اور جرم کرانے والے، دونوں کو انجام بھگتنا پڑے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ان جتھوں کے مطالبات میں قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں گرفتار افراد کی رہائی شامل تھی، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔  حالیہ چھاپوں کے دوران کروڑوں روپے نقدی، سونا اور 70 قیمتی گھڑیاں برآمد ہوئیں، جس سے واضح ہے کہ ان سرگرمیوں کے پیچھے ذاتی مفادات کارفرما تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان گروہوں نے غزہ یا کسی انسانی امداد سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں کیا، ان کی ساری توجہ صرف اپنی دولت اور گرفتاریوں سے بچنے پر مرکوز تھی۔ طلال چوہدری نے وضاحت کی کہ حکومت کسی بھی غیر قانونی دباؤ یا تشدد کے ذریعے فیصلے مسلط کرنے کی کوشش کو ناکام بنائے گی۔

Similar Posts