باجوڑ میں بم دھماکے سے اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت 4 افراد شہید

0 minutes, 0 seconds Read

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں بم دھماکے سے اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے، دھماکے میں سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق کے مطابق دھماکا تحصیل خار کے علاقے صدیق آباد پھاٹک میں ناؤگئی روڈ پر ہوا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ جس گاڑی کو نشانہ بنایاگیا وہ مکمل تباہ ہوگئی اوراس میں سوار اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل، تحصیلدار ناوگئی عبدالوکیل ، صوبیدار اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

دھماکے سے 11 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر خار اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ علاقے میں سیکیورٹی بڑھادی گئی اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب باجوڑ میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو موصول ہوگئی۔

Similar Posts