پنجاب میں محکمہ وائلڈ لائف کا بڑا کریک ڈاؤن، 13 شیر بازیاب، 5 افراد گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر محکمہ وائلڈ لائف نے بغیر لائسنس شیر رکھنے والوں کے خلاف پنجاب بھر میں بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ گزشتہ روز سے اب تک کی جانے والی کارروائیوں میں 22 مقامات کی انسپکشن کی گئی، جن کے دوران 13 شیر قبضے میں لے لیے گئے جبکہ 5 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

ترجمان محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق غیر قانونی طور پر شیر رکھنے کے خلاف 5 مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 2 مزید مقدمات زیرِ کارروائی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے 4 شیر بازیاب کر لیے گئے، 4 افراد گرفتار، ایک احاطہ سیل، 3 مقدمات درج کیے گئے۔گوجرانوالہ سے 4 شیر ،فیصل آباد سے 2 شیر قبضے میں لیے گئے، ایک احاطہ سیل اور ایک مقدمہ زیرِ تکمیل ہے۔ جبکہ ملتان سے 3 شیر تحویل میں لے کر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا اور دو ایف آئی آرز درج ہو چکی ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ان کارروائیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگلی حیات کا غیر قانونی کاروبار ناقابلِ برداشت ہے۔ عوام کی سلامتی کے اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔غیر قانونی طور پر شیر رکھنا نہ صرف جرم ہے بلکہ معاشرتی خطرہ بھی ہے۔ وائلڈ لائف قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔

مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت پنجاب بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں غیرقانونی طور پر شیر یا دیگر خطرناک جانور رکھے گئے ہوں تو فوری طور پر ہیلپ لائن 1107 پر اطلاع دیں۔

Similar Posts