مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ہرن ذبح کرنے پر سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ

0 minutes, 0 seconds Read

مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ہرن ذبح کرنے کے اقدام کے خلاف اسلام آباد وائلڈ لائف نے قانونی کارروائی کے لیے درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کروا دی۔

آج نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے اسلام آباد وائلڈ لائف نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ہرن ذبح کرنے کے اقدام کے خلاف ایف آر کے اندراج کے لیے دراخواست متعلقہ تھانے میں جمع کرادی۔

ترجمان محکمہ وائلڈ لائف نے کہا کہ درخواست میں اسلام آباد نیچر کنزرویشن اینڈ وائلڈ مینجمنٹ ایکٹ کی خلافِ ورزی کے تحت کارروائی کی درخواست کی گئی ہے، ایکٹ کے شیڈول ون کے تحت بارکنگ ڈئیر تحفظ شدہ جانور ہے۔

ترجمان نے کہا کہ نیچر ایکٹ 2024 کے سیکشن 12.4(a) اور 16.1 (a) کے تحت کارروائی کی درخواست کی گئی ہے، قانون کے تحت متعلقہ سیکشن کی خلافِ ورزی کی صورت میں دس لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ایک سال کی قید بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

ترجمان محکمہ وائلڈ لائف نے مزید کہا کہ ایکٹ کے سیکشن 23 کے تحت اگر کوئی جانور مردہ حالت میں بھی ہے تو وہ وفاقی حکومت کی ملکیت ہے، درخواست بشیر عباسی، زین عباسی اور نامعلوم افراد کے خلاف درج کروائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ آج نیوز نے یکم جولائی کو مارگلہ ہل میں نایاب ہرن کے شکار کی خبر دی تھی کہ جانوروں کے تحفظ پر مامور ملازمین ہی جانوروں کے دشمن بن گئے، سی ڈی اے انوائرمنٹ کے ملازمین نے ہرن کا شکار کیا تھا جبکہ شہریوں نے ملازمین کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ بھاگ نکلے جس پر شہریوں نے ملازمین کی طرف سے شکار پر فوری نوٹس کا مطالبہ کیا تھا

Similar Posts