کراچی کے علاقے لیاری آگرہ تاج میں ایک 7 منزلہ رہائشی عمارت میں خطرناک دراڑیں پڑ گئی ہیں، جس سے علاقے کے رہائشی شدید خوفزدہ ہیں۔ یہ عمارت رواں سال اپریل میں ”ناقابل رہائش“ قرار دی جا چکی ہے، مگر ضلعی انتظامیہ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) حکام نے تاحال اس عمارت کو خالی کروانے کے کوئی اقدامات نہیں کیے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس مخدوش عمارت میں 12 رہائشی یونٹس بنائے گئے ہیں اور اس میں تقریباً 10 خاندان رہائش پذیر ہیں۔ یہ عمارت بغیر نقشہ کی منظوری کے بنائی گئی تھی اور حال ہی میں بلڈر نے اس پر رنگ و روغن کرا کر اسے نیا بنانے کی کوشش کی ہے، تاہم اس کے باوجود عمارت کی حالت مخدوش ہے۔
کراچی:لیاری میں پانچ منزلہ عمارت گر گئی، 14 افراد جاں بحق
5 سال، 55 جنازے… لیاری کی عمارتیں موت کا سبب کیوں بن رہی ہیں؟
گذشتہ دنوں لیاری کے بغدادی علاقے میں بھی ایک 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہوئی تھی، جس کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ چند روز قبل کراچی کے کھارادر علاقے میں بھی 7 منزلہ عمارت کی چھت کے پانچ حصے گرنے کے واقعات پیش آئے تھے۔
رہائشیوں نے ضلعی انتظامیہ اور ایس بی سی اے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس عمارت کو خالی کرایا جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔