چین میں جاری انڈر 18 مینز ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کرلی، پاکستان کے آسان حیدر نے ہیٹ ٹرک کی۔
چین کے شہر دازھو میں کھیلے جانے والے انڈر 18 مینز ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف یکطرفہ مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں 9 سے کامیابی حاصل کی۔
کھیل کے پہلے ہاف میں پاکستان کی جانب سے آسام حیدر نے تین گول اسکور کرکے ہیٹرک مکمل کی جبکہ عبداللہ اعوان، زبیر لطیف اور عاطف علی نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔
دوسرے ہاف میں پاکستان ٹیم کے عدیل نے یکے بعد دیگرے 2 گول، عاطف علی نے اپنا دوسرا گول اسکور کیا جبکہ سری لنکا ٹیم کھیل کے اختتام تک گول کرنے میں ناکام رہی۔
پاکستان اپنا تیسرا میچ 8 جولائی کو بنگلہ دیش جبکہ 9 جولائی کو پول کا آخری میچ میزبان چین کے خلاف کھیلے گا۔