مون سون کے پانچویں اسپیل کا الرٹ جاری، شدید بارشوں کی پیشگوئی، طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

0 minutes, 0 seconds Read

محکمہ موسمیات پاکستان اور آزاد کشمیر کے اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے 27 سے 31 جولائی تک موسلادھار بارشوں اور تیز ہواؤں کے خطرے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مظفرآباد، جہلم ویلی، ہٹیاں بالا، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور کے اضلاع شدید بارشوں کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

ایس ڈی ایم اے نے عوام، سیاحوں اور سرکاری اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ پہاڑی علاقوں، کچے مکانات، کمزور دیواروں، کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کی اپیل کی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو ندی نالوں اور خطرناک مقامات کے قریب نہ جانے کی تاکید کی گئی ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں بھی مون سون کے پانچویں اسپیل کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 28 سے 31 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد جیسے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی

محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، خانیوال، بھکر، راجن پور، ڈی جی خان اور بہاولپور کے اضلاع میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگلے چند روز شدید موسمی صورتحال لا سکتے ہیں، اس لیے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔

Similar Posts