امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے اعلان کیا ہے کہ پاک امریکا انسداد دہشتگردی مکالمہ آئندہ ماہ اگست میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ اس اہم اجلاس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام دہشتگردی کے خلاف دوطرفہ تعاون، خطے کے استحکام اور داعش کے خلاف مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے ایران سے متعلق ثالثی کے ضمن میں پاکستان کی تعمیری پیشکش کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کا کردار ہمیشہ مثبت اور قابلِ قدر رہا ہے۔
مارکو روبیو نے اسحاق ڈار سے ملاقات کو مفید قرار دے دیا
ٹیمی بروس کے مطابق حالیہ دنوں اسحاق ڈار اور مارکو روبیو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھی دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ اور انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں داعش کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔
پاکستان امریکا کے ساتھ ٹریڈ چاہتا ہے ایڈ نہیں، پڑوسیوں کے ساتھ تناؤ نہیں چاہتے، اسحاق ڈار
ترجمان نے مزید کہا کہ واشنگٹن، اسلام آباد کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے اور انسدادِ دہشتگردی مکالمہ اسی تعاون کو عملی شکل دینے کی ایک کڑی ثابت ہوگا۔ ملاقاتوں کا یہ سلسلہ علاقائی امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں کا تسلسل ہے۔