اسلام آباد ٹریفک پولیس کی سخت کارروائیاں، ایک ہفتے میں 112 مقدمات، ہزاروں جرمانے

0 minutes, 0 seconds Read

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی خصوصی انفورسمنٹ مہم اور کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس میں ایک ہفتے کے دوران قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھرپور کارروائی کی گئی۔ مہم کے دوران 112 مقدمات کا اندراج کیا گیا جبکہ 1,119 موٹر سائیکلیں اور 412 گاڑیاں تھانوں میں منتقل کی گئیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق دورانِ ڈرائیونگ قوانین کو نظر انداز کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی، اور پہلی بار ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے مختلف خلاف ورزیوں پر 48 ڈرائیورز کو جرمانے عائد کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق لین کی خلاف ورزی پر 845، بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے پر 76، ٹرپل سواری پر 11، اور 23 کم عمر ڈرائیورز پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

اس کے علاوہ مخالف سمت میں ڈرائیونگ کرنے پر 923، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 1,007 اور غیر قانونی پارکنگ پر 2,766 چالان کیے گئے۔

چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا ہے کہ مہم کے دوران بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک نظم و ضبط یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر نفاذ کے ذریعے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Similar Posts