کراچی کے علاقے کورنگی بلال کالونی میں خاتون کو مبینہ طور پر شوہر اور دیور نے تیزاب پلا کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ میں نور عائشہ نامی خاتون کو جمعرات کے روز تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نور عائشہ کے شوہر ایوب اور دیور رفیق پر تیزاب پلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ خاتون کے والد علی اکبر کی مدعیت میں قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کو تیزاب پلانے کے ساتھ ساتھ مارا پیٹا بھی گیا۔داماد کے ناجائز تعلقات پر اکثر جھگڑے ہوتے تھے، نور عائشہ شادی کے بعد کئی بار ناراض ہو کر میکے واپس آ چکی تھی۔
ٹانک: گاؤں ملازئی میں فائرنگ دو بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق
والد نے بتایا کہ نور عائشہ کی سات سال قبل ایوب سے شادی ہوئی تھی اور اس کی دو کمسن بیٹیاں بھی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چار جولائی کو اطلاع ملی کہ بیٹی کی حالت خراب ہے، جس کے بعد اسپتال لے جایا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں خاتون کو تیزاب پلانے کے شواہد ملے ہیں، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔