مردان کے علاقے کوٹ اسماعیل زئی شیخ انت بابا میں دو فریقین کے درمیان معمولی زبانی تکرار خونریز جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 26 سالہ منظر، 24 سالہ حسن، 25 سالہ منزیب اور تسبخ اللہ شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش یا معمولی تکرار کے بعد پیش آیا، تاہم تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے تاکہ اصل محرکات کا تعین کیا جا سکے۔