خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کے لیے حکومت کی جانب سے بڑی خوشخبری آ گئی ہے، صوبے میں پولیس اہلکاروں کے رسک الاؤنس اور شہداء پیکیج میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کانسٹیبل کا رسک الاؤنس 7400 روپے سے بڑھا کر 11,400 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ہیڈ کانسٹیبل کا رسک الاؤنس 8100 روپے سے بڑھا کر 12,700 روپے کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اے ایس آئی کو اب 15,700 روپے، سب انسپکٹر کو 16,300 روپے اور انسپکٹر کو 12,700 روپے سے بڑھا کر 17,300 روپے ماہانہ رسک الاؤنس دیا جائے گا۔
پولیس شہداء کے لیے معاوضے میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل شہداء کا پیکیج 1 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ ایس پی اور ایس ایس پی شہداء کا پیکیج 2 کروڑ 10 لاکھ روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔
شہداء کے ورثاء کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پلاٹس دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ کانسٹیبل سے لے کر نچلے درجے کے شہداء کے لواحقین کو 5 مرلہ سے ایک کنال تک کے پلاٹس دیے جائیں گے، جب کہ اعلیٰ پولیس افسران کے لواحقین کو ایک کنال کا پلاٹ دیا جائے گا۔
حکومت خیبر پختونخوا کے اس اقدام کو پولیس فورس کے حوصلے کی بلند ی اور خدمات کے اعتراف کے طور پر سراہا جا رہا ہے، جو امن و امان کی بحالی میں جان کی بازی لگاتے ہیں۔