دنیا کے معروف ٹیکنالوجی لیڈر اور میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے میٹا کی دوسری سہہ ماہی کی آمدنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’سپر انٹیلیجنس‘ نہ صرف انسانیت کے لیے ایک نئی اور روشن صبح کی نوید ہے بلکہ ذاتی خود مختاری اور تخلیقی قوتوں کے اظہار کا نیا دور بھی ثابت ہوگا۔
مارک زکربرگ کے مطابق میٹا اپنی نئی پالیسی کے تحت مصنوعی ذہانت کے میدان میں کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے، تاکہ دنیا کو ایک ایسے مرحلے تک لے جایا جا سکے جہاں انسان صرف بقا کی جدوجہد تک محدود نہ رہے بلکہ اپنے خوابوں، تخلیقات اور روابط کو حقیقت میں ڈھال سکے۔ کمپنی بہترین دماغوں کو بھرتی کر رہی ہے، جدید اسٹارٹ اپس کو حاصل کر رہی ہے، اور دنیا کے بڑے ڈیٹا سینٹرز تعمیر کر رہی ہے تاکہ سپر انٹیلیجنس کی راہ ہموار ہو سکے۔
زکربرگ نے اس تصور کو تاریخی پس منظر سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ’دو سو سال پہلے 90 فیصد انسان صرف خوراک اگانے میں مصروف تھے۔ وقت کے ساتھ ٹیکنالوجی نے انسانوں کو اپنی صلاحیتوں کو دریافت کرنے اور زندگی کو بہتر بنانے کے مزید مواقع دیے۔ سپر انٹیلیجنس اسی سفر کی اگلی کڑی ہے۔‘
ان کے بقول، سپر انٹیلیجنس انسانی دماغ سے زیادہ طاقتور ہوگی اور زندگی کے تقریباً ہر پہلو کو بہتر بنائے گی، چاہے وہ سائنسی ترقی ہو، صحت کی سہولیات، فنونِ لطیفہ یا انسانوں کے باہمی روابط۔
مارک زکربرگ نے انکشاف کیا کہ صارفین سپر انٹیلیجنس سے سب سے زیادہ رابطہ میٹا کے اسمارٹ گلاسز کے ذریعے کریں گے، جو نہ صرف ویڈیوز ریکارڈ کر سکتے ہیں بلکہ انہیں فوری طور پر پراسیس بھی کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا، ’میری نظر میں سب سے زیادہ امید افزا بات یہ ہے کہ سپر انٹیلیجنس انسانوں کو ذاتی سطح پر بااختیار بنائے گی۔ ہر شخص کو یہ موقع ملے گا کہ وہ اپنے مقصد، اپنی سوچ اور اپنے خوابوں کے مطابق دنیا میں بہتری لا سکے۔‘
یہ انقلابی نظریہ اُس وقت سامنے آیا جب میٹا نے اپنی دوسری سہ ماہی کی آمدنی رپورٹ پیش کی، جس کے مطابق کمپنی کی آمدنی 47.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 22 فیصد زیادہ ہے، جبکہ منافع 36 فیصد اضافے کے ساتھ 18.3 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔
ماہرین کے مطابق میٹا کی اس حکمت عملی سے نہ صرف ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب آئے گا بلکہ عام انسان بھی اس کا براہ راست فائدہ اٹھا سکے گا۔
یہ ایک ایسا لمحہ ہے جب انسان ٹیکنالوجی کا محض صارف نہیں بلکہ اس کا تخلیق کار اور ہدایت کار بننے کی سمت بڑھ رہا ہے۔