سخت محنت، بلند حوصلے اور مسلسل جدوجہد کی ایک حقیقی مثال بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے سامنے آئی ہے، جہاں برف جمانے والے کارخانے میں کام کرنے والے ایک محنت کش عبدالرحمٰن نے پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرکے 17 گریڈ کے افسر بننے کا خواب سچ کر دکھایا۔
35 سالہ عبدالرحمٰن جن کا تعلق متوسط طبقے سے ہے، روزی کمانے کے لیے برف فیکٹری میں کام کرتے تھے۔ دن بھر کی محنت کے بعد وہ آرام کرنے کے بجائے کتابوں کا سہارا لیتے، تاکہ اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کر سکیں۔ تین مرتبہ کی کوششوں کے بعد آخرکار وہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کا امتحان نہ صرف پاس کرنے میں کامیاب ہوئے بلکہ محکمہ ثقافت، سیاحت و آرکائیوز میں 17 گریڈ کے فیلڈ آرکیالوجسٹ کے طور پر منتخب ہو گئے۔
عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ ’نہ کوئی سفارش تھی نہ دولت، صرف حوصلہ، دعا اور محنت میری اصل طاقت تھی۔‘ انہوں نے بتایا کہ وہ برف خانے کی فراغت کے لمحات میں بھی پڑھائی ترک نہیں کرتے تھے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ ان کا اصل سرمایہ ان کی تعلیم ہے۔
ان کی یہ داستان اُن نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے جو مایوسی، ناکامی یا وسائل کی کمی کو اپنی منزل کے راستے میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔ عبدالرحمن نے ثابت کر دیا کہ اگر ارادے مضبوط ہوں تو کوئی بھی خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکتا ہے۔