پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے 26 ارکان کی ممکنہ نااہلی سے متعلق ریفرنس کے معاملے پر پارلیمانی لیڈرز کی میٹنگ کا دوسرا سیشن آج شام چار بجے منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان مشاورت کے لیے بلائی گئی اس اہم میٹنگ میں ریفرنس سے جڑے آئینی اور پارلیمانی نکات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، تاہم اپوزیشن کی جانب سے تاحال اس کمیٹی کے لیے اسمبلی سیکرٹریٹ کو نام بھجوائے نہیں گئے۔
دوسری جانب حکومت نے اس معاملے پر باقاعدہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
حکومتی کمیٹی میں شامل ارکان میں صوبائی وزراء اور سینئر پارلیمنٹرین شامل ہیں۔ ان میں مجتبیٰ شجاع الرحمن، سلمان رفیق، سمیع اللہ خان، سید علی حیدر گیلانی، رانا محمد ارشد، چوہدری شافع، چوہدری افتخار، راحیلہ خادم حسین، امجد علی جاوید، احمد اقبال اور شعیب صدیقی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونے والا اجلاس ریفرنس کے مستقبل کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے، جب کہ اپوزیشن کی جانب سے شرکت اور ناموں کی فراہمی اب بھی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔
تاہم، پی ٹی آئی کے 26 ارکان کی نااہلی ریفرنس کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں حکومتی و اپوزیشن ارکان کے درمیان جاری مذاکراتی سیشن آج تعطل کا شکار ہو سکتا ہے، اپوزیشن نے آج کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنما ملک احمد بھچر کا کہنا ہے کہ آج ہم مہمانوں کے ساتھ مصروف ہیں اور اسی باعث مذاکراتی سیشن میں شرکت مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاحال اپوزیشن کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کے لیے کوئی فہرست اسمبلی سیکرٹریٹ کو ارسال نہیں کی گئی، نہ ہی اس معاملے پر کوئی مشاورت ہوئی ہے۔
ملک احمد بھچر کا مزید کہنا تھا کہ وہ آج وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ مصروف ہیں، اس کے بعد ہی دیکھیں گے کہ سیشن میں شرکت ممکن ہو سکے گی یا نہیں۔