وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔
لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں ہمارا مینڈیٹ جعلی ہے، مولانا خود فارم 47 سے جیت کر آئے۔
علی امین گنڈا پور سربراہ جے یو آئی کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان میرے بھائی سے الیکشن لڑلیں، اگر بھائی ہارا تو میں سیاست چھوڑ دوں گا اور اگر مولانا ہارے تو انہیں سیاست چھوڑنا ہوگی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مولانا فضل الرحمان کو بھی فارم 47 کا بینیفشری قرار دے دیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل مولانا فضل الرحمان نے تجویز پیش کی تھی کہ خیبر پختونخوا حکومت میں تبدیلی ہونی چاہیے لیکن یہ تبدیلی پی ٹی آئی کے اندر سے ہونی چاہیئے۔
مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ہمیں تبدیلی کا مشورہ دینے کے بجائے اپنے اندر تبدیلی لے آئیں تو بہتر ہوگا۔