کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ سے ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا لاش خراب ہونے کی بو عام طور پر 5 سے 40 دن کے درمیان محسوس ہوتی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ موت کو کئی دن گزر چکے تھے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، حمیرا اصغر کے فلیٹ کے قریب رہائش پذیر ہمسائے بھی غیر موجود تھے، جس کی وجہ سے لاش سے اٹھنے والی بو کا بروقت پتہ نہ چل سکا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفصیل حاصل کرنے کے لیے فلیٹ کی مینجمنٹ کمیٹی، چوکیدار اور قریبی ہمسایوں کے بیانات قلم بند کرنا شروع کر دیے ہیں۔
حمیرا اصغر کی موت حادثہ یا سازش، پوسٹ مارٹم اور فرانزک سیمپلز کی جانچ
قبل ازیں، حمیرا اصغر کے پوسٹ مارٹم اور فلیٹ سے حاصل کردہ فرانزک نمونے جامعہ کراچی کی فرانزک لیب کو ارسال کیے گئے تھے، تاکہ موت کی وجہ اور وقت کا درست تعین کیا جا سکے۔ فرانزک ٹیم نے کل 9 نمونے لیب کو فراہم کیے، جن میں اداکارہ کے بھائی کا بلڈ سیمپل بھی شامل ہے تاکہ ڈی این اے کی تصدیق کی جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات ہر پہلو سے کی جا رہی ہیں اور جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔ اداکارہ کی موت اب تک ایک معمہ بنی ہوئی ہے، اور پولیس مکمل سچ سامنے لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔