اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے 15 سے 17 جولائی کے دوران ملک بھر میں شدید بارشوں اور آندھی طوفان کی پیشگوئی کردی۔
وفاقی دارالحکومت میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر چھائے بادل گرجے بھی اور برسے بھی، بارش کے باعث اسلام آباد میں گرمی کا زورکم ہوگیا جبکہ راولپنڈی میں بھی بارش سے حبس میں کمی آ گئی۔
ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون سسٹم ایک بار پھر شروع ہونے جا رہا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے 17 جولائی کے دوران شدید بارشیں اور آندھی طوفان کا امکان ہے۔
آج رات سے 17 جولائی تک اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ کراچی میں آج سے 16 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے اربن فلڈنگ، نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہرکیا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو بروقت نکاسی آب اور دیگر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے اسپیل کا الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے اسپیل کا الرٹ جاری کردیا، جس کے مطابق 15 سے 17 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی اور بارش کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور ساہیوال میں بارشیں متوقع ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔