ایف آئی اے نے پی اے آرسی کے چیئرمین ڈاکٹرغلام محمد علی کو گرفتار کرلیا ہے، چیئرمین پی اے آر سی کو غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں گرفتارکیا گیا، اسی کے ساتھ ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ اخلاق ملک کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے دائر مقدمہ کے مطابق چئیرمین پی اے آر سی پر آڈٹ اعتراض تھا کہ انہوں نے اپنے ادارے میں بھرتیوں میں مروجہ طریقہ کار نظر انداز کیا ہے اور 154 افراد کی بجائے 332 افراد کو بھرتی کیا۔ اس بڑے حجم کی غیرقانونی بھرتیوں کے بعد ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کیں اور گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے دونوں ملزمان کو 3 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔
ایف آئی اے نے 14 دن کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی تھی تاہم عدالت نے تین دن کی منظوری دی۔ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ملزمان کو 17 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ دیگر ملوث افسران کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ اس کیس کو مکمل طور پر شفاف اور قانون کے مطابق حل کیا جا سکے۔