کراچی کے ساحلی علاقے ہاکس بے روڈ پر اُس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب پنجاب سے تعلق رکھنے والی ایک ہی فیملی کی کار پکنک منا کر واپسی کے دوران تیز رفتاری کے باعث نالے کی دیوار سے ٹکرا گئی۔ ہولناک حادثے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 شدید زخمی ہوئے، جن میں 3 کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔
حادثہ اُس وقت پیش آیا جب خاندان کے 10 افراد ہاکس بے پر دن بھر کی تفریح کے بعد واپس جا رہے تھے۔ گاڑی کی رفتار تیز تھی اور غالباً ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں کار سیدھی نالے کی کنکریٹ دیوار سے جا ٹکرائی۔
زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں انچارج ڈاکٹر عبدالرزاق نے بتایا کہ اسپتال لائے گئے تمام 10 افراد میں سے 4 جانبر نہ ہو سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 3 افراد کو سر میں شدید اندرونی چوٹیں آئی ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دیگر 3 زخمیوں کی حالت قدرے بہتر ہے۔
حادثے کے بعد ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پیر محمد شاہ خود جائے حادثہ پر پہنچے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مقام پہلے ہی خطرناک سمجھا جاتا ہے اور اس سڑک پر ٹریفک کنٹرول کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہے لیکن پانچویں ہلاکت کی بھی اطلاعات زیرِ غور ہیں۔
فیملی کی حالت ایسی نہیں کہ کوئی بیان دے سکے، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔