کراچی میں ڈیفنس سے ایک اور کروڑ پتی ”ایوارڈ یافتہ“ ماسی پکڑی گئی

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی کےعلاقے ڈیفنس سے ایک اور کروڑ پتی ماسی پکڑی گئی، ملزمہ نے مالکن کو گرین ٹی میں نشہ آور چیز پلا کر لاکھوں روپے کے زیورات چوری کرکے فرار ہوگئی تھی، گرفتار ملزمہ کراچی اور پنڈی میں چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، دوران تحقیقات مہرین نامی ماسی سے اہم انکشافات سامنے آگئے۔ گرفتار مہرین نامی ماسی ایوارڈ یافتہ نکلی۔

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سے ایک اور ”کروڑ پتی ماسی“ گرفتار کر لی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مہرین نامی گھریلو ملازمہ نے اپنی مالکن کو گرین ٹی میں نشہ آور دوا پلا کر بیہوش کیا اور گھر سے 65 لاکھ روپے مالیت کے زیورات، نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئی تھی۔

ملزمہ مہرین کو فیروز آباد تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ وہ کراچی، پنڈی اور لاہور میں چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔

صرف لاہور میں اس کے خلاف کم از کم 25 وارداتوں کے مقدمات درج ہیں۔ پولیس کے مطابق وہ 2017 سے مسلسل گھریلو چوریوں میں سرگرم ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مہرین پہلے بھی کئی بار جیل جا چکی ہے۔ اسلام آباد کی جیل میں سزا کاٹتے ہوئے اسے سلائی میں مہارت پر ایک سابق وزیرِاعظم کی جانب سے ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

ملزمہ کا آبائی تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ خود کو مختلف ناموں سے ظاہر کرکے گھروں میں ملازمت حاصل کرتی رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ڈیفنس میں ہونے والی واردات کا مقدمہ گزشتہ سال دسمبر میں درج کیا گیا تھا اور ٹیکنیکل تحقیقات کی بنیاد پر اسے گرفتار کیا گیا۔

گرفتاری کے بعد مدعی شوکت محمود اور ان کے اہلِ خانہ نے پولیس کے بلانے پر ملزمہ کو شناخت کر لیا۔
ڈیفنس پولیس نے بھی اپنی ایف آئی آر میں ملزمہ کی گرفتاری ڈال دی ہے، جبکہ تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ کلفٹن، گذری، اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کے متعدد گھروں سے کروڑوں روپے کا صفایا کر چکی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مہرین سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کا سراغ بھی لگایا جا رہا ہے۔

Similar Posts