تاجر برادری حکومت کے خلاف سراپا احتجاج، 19 جولائی کو کاروبار بند رکھنے کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے 19 جولائی کو شیڈول ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال فی الحال منسوخ نہ کرنے کا واضح اعلان کر دیا ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب نثار نے کہا ہے کہ تاجر برادری سے مشاورت کا عمل جاری ہے اور آج فیصلہ کیا جائے گا کہ ہڑتال کے اگلے لائحہ عمل میں کوئی تبدیلی لانی ہے یا نہیں، تاہم اس وقت تک ہڑتال کا فیصلہ برقرار ہے۔

دوسری جانب کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر محمد جاوید بلوانی نے بھی ہڑتال کے حوالے سے تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 جولائی بروز ہفتہ ملک گیر ہڑتال شیڈول کے مطابق ہی ہوگی۔ ہڑتال نہ ملتوی ہوگی اور نہ منسوخ ہو گی۔

جاوید بلوانی نے کہا کہ ہڑتال کے لیے پوری تیاری کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے گا اور اس فیصلے میں چاروں صوبوں کے بڑے چیمبرز سے مشاورت شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہڑتال مؤخر کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا تو وہ بھی تمام چیمبرز سے مشاورت کے بعد ہی ہوگا۔

انہوں نے افواہیں پھیلانے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کا ہڑتال سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ملک گیر ہڑتال کا اعلان حالیہ ٹیکس اصلاحات اور تاجر برادری کو درپیش دیگر مسائل کے خلاف کیا گیا ہے، اور اس حوالے سے تاجروں کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہے۔

Similar Posts