لیبیا سے یونان جانے والی غیرقانونی تارکینِ وطن کی کشتی کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ 25 لاپتا ہوگئے ہیں، ریسکیو حکام کے مطابق 20 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کشتی پر تقریباً 50 افراد سوار تھے جو لیبیا سے سمندر کے راستے یونان جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 20 افراد کو سمندر سے نکالا، جبکہ دیگر لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کشتی میں سوار غیرقانونی تارکینِ وطن کا تعلق پاکستان، بنگلا دیش، مصر اور سوڈان سے ہے۔
متاثرین میں پاکستانی شہریوں کی موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں۔ تاہم ہلاک اور لاپتا ہونے والے افراد کی شناخت اور ان کے ممالک کے بارے میں تاحال باضابطہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
ریسکیو ٹیمیں سمندر میں لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ متعلقہ حکام واقعے کی مزید تفصیلات اکٹھی کر رہے ہیں۔