قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس کی عدم ادائیگی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) ایک نئے بحران کا شکار ہو گئی ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ہاکی فیڈریشن سے فنڈز کے استعمال سے متعلق تفصیلی ریکارڈ فوری طور پر طلب کرلیا ہے۔
پی ایس بی کی جانب سے پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی کو باقاعدہ خط لکھ کر غیر ملکی دوروں، اسلام آباد میں قائم کیے گئے کیمپ آفس، اور سرکاری گرانٹس کے مصرف پر سخت سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ بورڈ نے کہا ہے کہ پی ایچ ایف کو پچھلے چھ ماہ کا بینک اسٹیٹمنٹ اور سرکاری گرانٹس کا مکمل حساب فوری جمع کرانا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس بی حکام ہاکی فیڈریشن کی مالی بے ضابطگیوں اور غیر شفاف طرزعمل پر شدید برہم ہیں۔ پی ایس بی نے غیر ملکی دوروں پر ہونے والے اخراجات، فنڈنگ کی مکمل تفصیلات، اور اسلام آباد آفس کی قانونی حیثیت پر بھی اعتراضات اٹھاتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو بنیادی مالی سہولیات نہ دینا سنگین غفلت ہے، جبکہ فیڈریشن کے عہدداران کے بیرون ملک دوروں اور غیر ضروری اخراجات نے معاملے کو مزید مشکوک بنا دیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی مسلسل ڈیلی الاؤنس کی عدم ادائیگی پر شاکی ہیں، جبکہ فیڈریشن کی جانب سے اس مسئلے پر کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔ پی ایس بی کی جانب سے ریکارڈ طلب کیے جانے کے بعد امکان ہے کہ پی ایچ ایف کے خلاف مالی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔