بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو بے دردی سے قتل کردیا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں درندگی کا واقعہ دیکھیے، ہاتھوں میں ہتھیار تھامے مردوں کے بیچ ایک خاتون حوصلے کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے دکھائی دیتی ہے، نہ اس کے قدم لڑکھڑاتے ہیں نہ وہ کسی سے رحم کی بھیک مانگتی ہے، وہ جرات کے ساتھ مقتل کی طرف بڑھتی ہے، اس کے اطراف انسانوں کے روپ میں 20 سے زائد بھیڑیے کھڑے ہیں، انہیں میں کچھ بھیڑیے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیتے ہیں۔
نہتی خاتون کو قتل کرنے کے بعد یہ سورما ایک مرد کو لے کر آتے ہیں اور اسے بھی فائرنگ کرکے قتل کردیتے ہیں، ان دونوں کا قصور فقط یہ تھا کہ انہوں نے پسند کی شادی کی تھی اور اپنی مرضی سے اپنی زندگی گذارنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ ویڈیو 2 روز سے سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جسے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے دیکھا تو نوٹس لیا انہوں نے ایکس پر لکھا کہ خاتون اور مرد کے قتل کی وائرل ویڈیو دیکھ کر بلوچستان پولیس کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کردیے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جائے وقوع اور ملزمان کا تعین کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس جوڑے نے تقریبا ڈیڑھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی قبیلے والوں نے دھوکے سے دعوت پر بلایا اور ویرانے میں لے جاکر قتل کردیا، غیرت کے نام پر ایک خاتون کو مردوں کے ہجوم میں لے جاکر بے رحمی سے قتل کرنا اور ایک خاتون کا حوصلے کے ساتھ اس موت کا سامنا کرنا سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا ہوا ہے، لوگ ریاست سے سوال کررہے ہیں کہ کیا یہ سارے درندے قانون کے شکنجے میں کسے جائیں گے یا نہیں۔
بلوچستان واقعے کی ویڈیو وائرل
دوسری جانب بلوچستان کے نواحی علاقے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں مسلح افراد کو ایک گاڑی کو گھیرے دیکھے دیکھا جاسکتا ہے، گاڑی سے اترنے والی خاتون خاموشی سے ایک طرف جاتی ہے اور مسلح افراد خاتون پر اندھا دھند فائرنگ کردیتے ہیں۔
ویڈیو میں واضح دیکھا جاسکتا ہےکہ گاڑی سے اترنے والی خاتون انتہائی خاموشی سے ایک طرف گئی، نہ ہی ملزمان کے آگے ہاتھ جوڑے اور نہ ہی اپنی زندگی کی بھیک مانگی جبکہ دوسری ویڈیوز میں انہیں خاتون اور ایک مرد کی لاشیں دیکھی جاسکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا واقعے کا نوٹس
سوشل میڈیا پر مرد اور خاتون کے بہیمانہ قتل کی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات اور ملوث تمام ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر واقعے کی جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جائے وقوعہ کا تعین کرکے اس واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ایسی سفاکانہ حرکات نہ صرف ناقابل برداشت ہیں بلکہ یہ معاشرتی اقدار اور انسانی وقار کی سنگین توہین بھی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید کہا کہ ویڈیو میں دکھائی گئی بربریت ہر سطح پر قابل مذمت ہے اور حکومت بلوچستان اس ظلم پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی، واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔
شاہد رند نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ویڈیو میں موجود ملزمان کی شناخت میں مدد کریں اور واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے اپنا ذمہ دارانہ معاشرتی کردار ادا کریں۔