وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی تقدیر بدلنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، ڈریپ میں قابل لوگ موجود تھے جنہیں نظرانداز کیا گیا، وزارت صحت میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل قابل ستائش ہے۔
اسلام آباد میں طبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوگئی، وزیراعظم شہبازشریف، وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ تقریب میں شریک ہوئے۔
پاکستان میں طبی آلات کی رجسٹریشن کا عمل بہت مشکل تھا، مصطفیٰ کمال
وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت اور نظام میں بہتری کے لیے کوشاں ہیں، وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں اصلاحات کا عمل آگے بڑھارہے ہیں، پاکستان میں طبی آلات کی رجسٹریشن کا عمل بہت مشکل تھا۔
مصطفی کمال نے کہا کہ میڈیکل ڈیوائسز کی ریگولرائزیشن کے لیے سفارشی کلچر ختم کردیا، رجسٹریشن سرٹیفکیٹ 20 دن میں موصول ہوجائے گا، وزیراعظم شہبازشریف کی قائدانہ صلاحتیوں میں آگے بڑھ رہے ہیں، موجودہ وسائل میں رہتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
وزیرصحت کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل دنوں میں مکمل ہوگا، تمام عمل آن لائن ہوگا، درخواست دہندہ کو ای میل پر سرٹیفکیٹ موصول ہوگا، عطا تارڑ نے اس پروگرام میں تاریخی کردار ادا کیا، بڑھتی ہوئی آبادی وطن عزیز کے لیے بہت بڑاچیلنج ہے، نرسنگ کونسل کو بھی جدید نظام پر استوار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیکل اینڈڈینٹل کونسل میں بہتری کے لیے بھی پرعزم ہیں، صحت کے شعبے میں عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانی ہے، پائیدار ترقی کے لیے آبادی کی شرح 2 فیصد پر لانا ہوگی۔
ملکی تقدیر بدلنے کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے طبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کے لیے وزیرصحت اور ان کی ٹیم نے اہم کام کیا، سی ای او ڈریپ کو میرٹ پر تعینات کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیرصحت نے دوست ملک کے اسپتال منصوبے کی بندش کا نوٹس لیا، الحمدللہ، کاوشوں کی بدولت دوست ملک کا منصوبہ فعال کیا جارہا ہے، ڈریپ میں قابل لوگ موجود تھے جنہیں نظراندازکیا گیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے مصطفی کمال کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، ملکی تقدیر بدلنے کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، ہمیں جواب دہی کے نظام کو بہتر بنانا ہے، وہ دن دورنہیں جبہم اقوام عالم میں سر اٹھا کرچلیں گے۔