وزیراعظم نے وزیرداخلہ کو زائرین کیلئے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنے کی ہدایت دے دی

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو زائرین کے لیے نئی پالیسی پر بریفنگ دی، جبکہ بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی داخلی صورتحال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیرِ داخلہ نے وزیراعظم کو زائرین سے متعلق نئی پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی پروازوں کے انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی، تاکہ مذہبی مقامات پر جانے والے افراد کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ملاقات میں بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جس پر وزیرِ داخلہ نے تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے گوادر سیف سٹی پروجیکٹ پر جلد از جلد عملی کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ وہاں سیکیورٹی نظام کو مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے وزارتِ داخلہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے عوامی تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا۔

وزیرداخلہ کا ہیڈ کوارٹرز ایف سی نارتھ بلوچستان کا دورہ، شہداء کو خراجِ عقیدت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ کے پہنچنے پر ایف سی کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد مظہر نے وزیر داخلہ کا افسران سے تعارف کرایا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

آئی جی ایف سی نے وزیر داخلہ کو فورس کی تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر داخلہ نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ نے قیامِ امن کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں، وہ قابلِ ستائش ہیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ ایک مایہ ناز فورس ہے جس نے ہمیشہ ملک کے دفاع میں مثالی کردار ادا کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور ”فتنہ الہند“ کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں اس فورس نے تاریخ رقم کی ہے۔

Similar Posts