بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد، یکم اگست سے اضافی جرمانہ بھی لاگو ہوگا، امریکی صدر کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس پر 25 فیصد ٹیرف اور اضافی جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر بھارت پر تجارتی پابندیوں کے تحت 25 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جو یکم اگست سے نافذ العمل ہوگا۔

ٹروتھ سوشل پر اپنی پوسٹ میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت اگرچہ امریکا کا دوست ہے، تاہم برسوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں محدود رہی ہیں، کیونکہ بھارت کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں اور اس کی طرف سے عائد کردہ غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں سخت ترین اور ناقابلِ قبول ہیں۔

ڈونلد ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ اس کے علاوہ بھارت اپنا زیادہ تر اسلحہ روس سے خریدتا ہے اور اس وقت چین کے ساتھ روسی توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے اور یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا چاہتی ہے کہ روس یوکرین میں خونریزی بند کرے۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ بھارت کو اب ان پالیسیوں کے نتیجے میں 25 فیصد ٹیرف کے علاوہ اضافی جرمانے کا بھی سامنا ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد ٹیکس لگانے کی دھمکی دی تھی۔

اسکاٹ لینڈ سے واشنگٹن واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ابھی تک بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے نہیں پایا، اگر معاہدہ نہ ہوا تو ہمیں بھارت پر بھاری ٹیکس لگانا پڑے گا۔

اسی دوران انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوا چکے ہیں۔ یہ دعویٰ وہ ماضی میں بھی متعدد بار دہرا چکے ہیں۔

Similar Posts