بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے والد جیل میں انتہائی خراب حالات میں رکھے جا رہے ہیں اور ان کی صحت روز بروز بگڑتی جا رہی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے Just The News میں دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان نے کہا اس وقت وہ بہت خراب حالات میں ہیں اور لگتا ہے کہ یہ حالات مزید بگڑ رہے ہیں۔ ہم کسی بھی ممکنہ راستے کی تلاش میں ہیں۔
قاسم خان نے انٹرویو میں اپنے والد کی جسمانی صحت، قید کے ماحول اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر گہری تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور یہ صورتحال انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کے اداروں اور بین الاقوامی میڈیا سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں جاری سیاسی انتقامی کارروائیوں اور جمہوریت پر دباؤ کے خلاف آواز بلند کریں۔