5 دن کی جنگ میں پاک فضائیہ نے بھارت کو 0-6 سے شکست دی، بلاول بھٹو

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے درمیان میڈیا کی سطح پرعالمی مقابلہ جاری ہے، پانچ دن کی جنگ میں پاک فضائیہ نے بھارت کو چھ صفر سے شکست دی، ڈس انفارمیشن اور مس انفارمیشن ایک ہتھیار بن چکا ہے، بھارت نے بھی جنگ کے دوران اس ہتھیار کو استعمال کیا، جنگ میں پاکستانی میڈیا نے بھارتی میڈیا کے جھوٹ کو شکست دی۔

کراچی میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ( پی ایف یو جے) کے 75 سال مکمل ہونے پر فیڈرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کے اعزاز میں وزیراعلی ہاؤس سندھ میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ایف یو جے نے آزادی صحافت کے لیے تحریک چلائی، وزیراعلیٰ سندھ سے اتفاق کرتا ہوں کہ پی ایف یو جے ایک تحریک ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ایم آر ڈی میں صحافی جمہوریت پسند کارکنوں کے ساتھ کھڑے رہے، اخبارات پر پابندیوں کے خلاف صحافیوں کی قربانیاں بھی قابل قدر ہیں، ایم آر ڈی تحریک میں صحافی پابندیوں کے خلاف سراپا احتجاج رہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بھی میڈیا کے ساتھ کھڑی رہیں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو صحافیوں کے پاس جا کر یکجہتی کرتی رہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بھارتی جنگ کے دوروان بھارتی اور پاکستانی صحافت آمنے سامنے آگئے، جس طرح پاک فضائیہ نے بھارت کو ہرایا، پاکستانی صحافت نے بھی بھارتی میڈیا کو شکست دی، پاکستانی صحافیوں نے اپنی ساکھ، حق اور سچ پر مبنی خبروں کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر پابندیاں ہٹانا بھی مثبت ثابت ہوا، جنگ کے دوران ہمیں اندازہ ہوا کہ ڈیجیٹل میڈیا ہمارا اثاثہ ہے، امید ہے کہ وفاقی حکومت صحافی برادری کا قدر کرے گی، اپنی کچھ پالیسیوں پر نظرثانی کرے گی، صحافیوں کے لیے حفاظتی قانون کے نفاذ کی پوری کوشش کریں گے، صحافی بھی ہماری مدد کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بقول دہشت گرد اور ہمارا دشمن ملک ڈس انفارمیشن پھیلا رہے ہیں، بلوچستان، سندھ اور کشمیر کے حوالے سے ڈس انفارمیشن پھیلائی جا رہی ہے، پی ایف یو جے کی مدد سے ڈس انفارمیشن کے خلاف قانون سازی کریں گے، پی ایف یو جے سچ کو سامنے لانے میں ہماری مدد کرے۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صحافیوں کا سندھ کا دورہ کرانا خوش آئندہ ہے، سیلاب متاثرین کے لیے دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ شروع کیا، خواتین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دیے ہیں، یہ صرف ہاوسنگ پروگرام نہیں بلکہ وومن امپاورمنٹ اور غربت کے خاتمے کا پروگرام ہے، خواہش ہے کہ اس پروگرام کو بھی صحافی دیکھیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ایسا منصوبہ شروع کرنے کی کوشش کریں گے، بلوچستان ترقیاتی منصوبوں پر بھی صحافی لکھیں اور کوریج دیں، بلوچستان میں دہشت گردی سمیت کئی مسائل ہیں، یہ مسائل لوگوں کے دل جیت کر حل کیے جاسکتے ہیں، طاقت ان مسائل کا حل نہیں، بلوچستان میں صرف کوریج نہ ملنے کا مسئلہ نہیں، بلوچستان کے مسائل واقعی گھمبیر ہیں، اسلام آباد آئے تو ایک بار پھرصحافیوں سے ملاقات ہوگی۔

Similar Posts