صدر مملکت کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، پاک ایران تعلقات میں وسعت دینے پر اتفاق

0 minutes, 0 seconds Read

صدر مملکت آصف علی زرداری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان وفد کے ہمراہ ایوان صدر پہنچ گئے ہیں۔

ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے معزز مہمان کا مرکزی دروازے پر استقبال کیا، اس موقع پر دونوں صدور کے درمیان خیرسگالی کلمات کا تبادلہ ہوا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ایوان صدر آمد کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی صدر مملکت آصف زرداری کے ہمراہ موجود تھے جبکہ ایوان صدر میں مسعود پزشکیان اور وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

صدر آصف زرداری اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات

بعدازاں صدر مملکت آصف زرداری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ایوان صدر میں ملاقات ہوئی، صدر زرداری نے اپنے ایرانی ہم منصب کا ایوانِ صدر میں پُرتپاک خیرمقدم کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے تنازعات کو بڑھنے سے روکنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مربوط سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زوردیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر آصف زرداری نے علاقائی معاملات پر ایران کے اصولی مؤقف کو سراہا، انہوں نے خطے میں تعاون کے لیے تہران کی مستقل حمایت پر تشکر کا اظہار کیا اور مشکل وقتوں میں ایران کی یکجہتی پرشکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

آصف زرداری نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جموں و کشمیر پر بھارتی مظالم پر کشمیری عوام کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا اور ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کی جبکہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی جرات کوخراج تحسین پیش کیا۔

صدر آصف زرداری نے امید ظاہر کی کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی قیادت اور عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے تعمیری کردار ادا کیا۔

ایرانی صدر کی چیئرمین سینیٹ سے بھی ملاقات

قبل ازیں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے بھی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور پارلیمانی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

چیئرمین سینیٹ نے ایرانی قیادت کے اسرائیل مخالف مؤقف کو سراہا اور تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کو مخلص شراکت دار قرار دیا اور اقتصادی تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔

ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سینیٹرز سلیم مانڈوی والا، عرفان صدیقی اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر بھی موجود تھے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایران کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

Similar Posts