نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جائے گا، شرح سود میں 100 بیسز پوائنٹس تک کمی کا امکان

0 minutes, 0 seconds Read

اسٹیٹ بینک آف پاکستان رواں سال کی دوسری مانیٹری پالیسی کا اعلان آج (بروز پیر) کو کرے گا۔ مرکزی بینک کے مطابق، مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کل اجلاس منعقد کرے گی، جس میں مانیٹری پالیسی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں مجموعی مالی اور اقتصادی صورتحال، اہم معاشی اشاریے، مختلف شعبوں کے ڈیٹا اور پچھلی مانیٹری پالیسی کے بعد ہونے والی بڑی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ مرکزی بینک مانیٹری پالیسی اسٹیٹمنٹ کے ذریعے اپنے فیصلے کا باضابطہ اعلان کرے گا۔

ماہرین کے مطابق، اسٹیٹ بینک شرح سود میں ایک فیصد تک کمی کر سکتا ہے۔ اس وقت ملک میں شرح سود 12 فیصد ہے جبکہ مہنگائی کی سطح کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

مانیٹری پالیسی کمیٹی نے 27 جنوری 2025 کو ہونے والے اپنے پچھلے اجلاس میں محتاط پالیسی اپناتے ہوئے شرح سود میں 100 بیسز پوائنٹس کمی کرکے 12 فیصد مقرر کی تھی۔ یہ فیصلہ مہنگائی میں مسلسل کمی اور اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

کمیٹی نے کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس، مہنگائی، بیرونی سرمائے کی آمد، مالیاتی نظم و نسق اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کو تسلیم کیا تھا، تاہم مہنگائی میں ممکنہ اضافے اور عالمی اقتصادی پالیسی میں پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث محتاط رہنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

ترقیاتی رجحانات اور ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ایم پی سی نے مانیٹری پالیسی میں احتیاطی رویہ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے، جو پائیدار معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

Similar Posts