پنجاب حکومت کا ریسکیو آپریشنز کے لیے ڈرون سروسز شروع کرنے کا فیصلہ

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب حکومت نے ریسکیو اور سول ڈیفنس کے شعبے میں ایک اور بڑی پیش رفت کرتے ہوئے اونچی عمارتوں اور دشوار گزار علاقوں میں ریسکیو مشنز کے لیے ڈرون سروسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، یہ جدید ڈرونز مصیبت میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سول سیکرٹریٹ لاہور میں اس حوالے سے ایک عملی مظاہرہ کیا گیا، جہاں ڈرون کے ذریعے 60 کلوگرام وزنی ڈمی کو ریسکیو کر کے کامیاب تجربہ کیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس مظاہرے کا مشاہدہ کیا اور جدید ریسکیو ٹیکنالوجی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ”اب ڈرون کے ذریعے ان علاقوں سے بھی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز ممکن ہوں گے جہاں انسان کا پہنچنا ممکن نہیں۔“

سول ڈیفنس پنجاب کی جانب سے اس مظاہرے میں جدید آلات اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ ڈرون گرانے، بم ناکارہ بنانے، اور روبوٹ کے ذریعے ناقابل رسائی جگہوں پر آپریشنز کے عملی مظاہرے کیے گئے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران سول ڈیفنس کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، اور ان دنوں میں 29 بھارتی ڈرونز کو ناکارہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق سول ڈیفنس نہ صرف جنگی بلکہ امن کے ماحول میں بھی بنیادی اہمیت کا حامل ادارہ ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سول ڈیفنس کو عالمی معیار کی جدید تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ ہنگامی صورتحال، سیلاب، یا دیگر قدرتی آفات میں فرنٹ لائن پر مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

Similar Posts