پاکستان نے یوکرینی صدر کے بیان کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ یوکرین کی جانب سے پاکستان کے سامنے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے، پاکستان یہ بات یوکرین کے ساتھ اٹھائے گا، پاکستان یوکرین تنازع کا پُرامن حل چاہتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے جمعے کو اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے 2 اگست کو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ وزرا، سینئر حکام سمیت اعلی شخصیات ہر مبنی وفد بھی تھا۔
ترجمان کے مطابق دفترخارجہ ایرانی صدر نے دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک نے عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم سے ملاقات میں پاکستان نے ایرانی قیادت، مسلح افواج اور عوام کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا جبکہ ایرانی صدر نے ایران-اسرائیل جنگ میں پاکستانی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
شفقت علی خان کے بقول دونوں رہنماؤں نے باہمی تجارت کا حجم 3 ارب ڈالرز سے 10 ارب ڈالرز تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ 3 اگست کو پاکستان نے فلسطین کے لیے امدادی پرواز روانہ کی اور آج بھی غزہ کے لیے ایک اور امدادی پرواز روانہ کی گئی ہے، یہ غزہ کے لیے 18ویں امدادی کھیپ تھی، جس کے بعد پاکستان اب تک کل 1850 ٹن امداد بھجوا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے فلسطین کی حمایت اور امداد جاری رکھنے اور 2 ریاستی حل کی حمایت کے عزم کو دہرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے یوکرین کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ پاکستان یوکرین کے الزامات کو یوکرینی حکومت کے ساتھ اٹھائے گا، اس حوالے سے یوکرینی حکومت نے تاحال کوئی شواہد فراہم نہیں کیے اور نہ ہی پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔
شفقت علی خان نے ٹیمپل ماؤنٹ پر متنازع اسرائیلی بیانات کی پر زور مذمت کی اور بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کے خلاف بھرپور ”یوم استحصال“ منانے کی تفصیلات بھی بتائیں۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر کو خطوط لکھے جبکہ سیکریٹری خارجہ نے یوم استحصال کے حوالے سے غیر ملکی سفیروں کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔
غزہ کیلئے 100 ٹن پر مشتمل امدادی سامان کی 18 ویں کھیپ اسلام آباد سے روانہ
این ڈی ایم اے کے مطابق غزہ کے لیے 100 ٹن پر مشتمل امدادی سامان کی 18 ویں کھیپ اسلام آباد سے روانہ کردی گئی ہے، جس میں راشن بیگز، تیار کھانا اور ادویات شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اب تک 18 امدادی کھیپوں کے ذریعے بھیجی گئی امداد کا مجموعی وزن ایک ہزار 815 ٹن ہے۔
ترجمان کے مطابق آج کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ فلسطینی سفیر سمیت وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے حکام بھی تقریب کا حصہ بنے۔
عطا اللہ تارڑنے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہر فورم پر مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کی آواز بلند کی، پاکستان اسرائیل کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی نہ صرف مذمت کرتا ہے بلکہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔