آپریشن سندور میں بدترین شکست کے بعد بھارتی ایئرچیف کا مضحکہ خیز بیان سامنے آگیا

0 minutes, 0 seconds Read

آپریشن سندورمیں پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست پر بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے جب کہ 6 مہینے بعد اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے بھارتی ایئرچیف نے 6 پاکستانی طیارے مارگرانے کا مضحکہ خیز بیان دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی ائیر چیف مارشل اے پی سنگھ نے بھارت کے لیے عالمی ہزیمت کا سبب بننے والی 4 روزہ جنگ میں پاکستان کے 5 لڑاکا طیاروں سمیت 6 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل اے پی سنگھ نے ہفتے کے روز ایک ایونٹ کے دوران دعویٰ کیا کہ بھارت نے مئی میں پاکستان کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں کے دوران پانچ پاکستانی فائٹر طیارے اور ایک فوجی طیارہ مار گرایا۔

یہ بیان مئی میں دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے سنگین ترین فوجی تصادم کے بعد آیا ہے۔

بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ بیشتر پاکستانی طیاروں کو بھارت کے روسی ساختہ ایس-400 سطح سے ہوا تک مار کرنے والے میزائل سسٹم کے ذریعے تباہ کیا گیا۔

انہوں نے الیکٹرانک ٹریکنگ ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کا تصدیق شدہ ریکارڈ موجود ہے۔

اے پی سنگھ نے کہا کہ ”ہم نے کم از کم 5 فائٹر طیارے اور ایک بڑا طیارہ مار گرایا،“ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ بڑا طیارہ جو ممکنہ طور پر نگرانی کا طیارہ ہو سکتا ہے، 300 کلومیٹر (186 میل) کی دوری سے مارا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ”سب سے بڑی سطح سے ہوا تک مار کرنے کی کامیابی ہے“ جس پر حاضرین نے تالیاں بجائیں۔

بھارتی ائیرچیف نے 3 ماہ بعد بھی بغیر کسی ثبوت کے یہ دعوے کر کے اپنی ائیرفورس کی پیشہ ورانہ اہلیت پر مزید سوالات کھڑے کردیے۔

دوسری جانب پاکستان نے 7 مئی کی فضائی جنگ کے فوراً بعد ہی رافیل سمیت بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کی تفصیلات تک سامنے رکھ دی تھیں جن کی تائید بھارتی میڈیا کی رپورٹس سے بھی ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کی کمیونی کیشن ہیک کرکے کاک پٹ میں ہوئی گفتگو تک سنا دی تھی۔

یادرہے کہ آپریشن سیندور کے دوران پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی طیاروں کی تباہی کا اعتراف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ،عالمی میڈیا اور خود بھارتی آرمی چیف بھی کرچکے ہیں۔

Similar Posts