وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کے حالیہ بیان کو یکسر مسترد کر دیا ہے جس میں بھارتی ایئر چیف نے الزام عائد کیا کہ آپریشن ”سندور“ کے دوران پاکستانی طیارے تباہ کیے گئے۔ خواجہ آصف نے بھارت کے اس دعوے کو ”تاخیر سے کیا گیا، بے بنیاد اور ناقابلِ یقین“ قرار دیا اور کہا کہ یہ بیانیہ محض بھارتی داخلی سیاسی مقاصد کے لیے گھڑا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ تین ماہ تک بھارت کی جانب سے اس قسم کا کوئی الزام سامنے نہیں آیا، جبکہ پاکستان نے فوری طور پر عالمی میڈیا کو تفصیلی اور تکنیکی بریفنگز دیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آزاد مبصرین، عالمی رہنماؤں، غیر ملکی انٹیلی جنس رپورٹس اور حتیٰ کہ بعض بھارتی سیاسی شخصیات نے بھی اس دوران بھارتی نقصانات کا اعتراف کیا۔ ان نقصانات میں رافائل طیارے، ڈرونز، ایس-400 ایئر ڈیفنس بیٹریاں اور متعدد فضائی اڈوں کی تباہی شامل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا کوئی بھی جنگی طیارہ بھارتی حملے میں تباہ نہیں ہوا، جبکہ پاکستان نے آپریشن کے دوران 6 بھارتی طیارے مار گرائے اور لائن آف کنٹرول پر بھی بھارتی افواج کو بھاری نقصان پہنچایا۔
وزیرِ دفاع نے دونوں ممالک کو آزاد اداروں کے سامنے طیاروں کے انوینٹری ریکارڈ پیش کرنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ”اگر سچائی کی تلاش ہے تو یہ شفافیت حقیقت کو بے نقاب کر دے گی۔“
خواجہ آصف نے کہا کہ جنگیں جھوٹ سے نہیں بلکہ اخلاقی برتری، قومی عزم، پیشہ ورانہ مہارت سے جیتی جاتی ہیں، اس قسم کے مزاحیہ بیانیے اندرونی سیاسی فائدے کیلئے گھڑے جاتے ہیں اور ایسے بیانیے ایک ایٹمی خطے میں اسٹریٹجک غلطی کے سنگین خطرات کوبڑھا دیتے ہیں۔
آپریشن سندور میں بدترین شکست کے بعد بھارتی ایئرچیف کا مضحکہ خیز بیان سامنے آگیا
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے پھیلائی جانے والی یہ ”مضحکہ خیز کہانیاں“ خطے میں اسٹریٹجک غلط فہمی اور کشیدگی کے خطرات میں اضافہ کر رہی ہیں۔
انھوں نے خبردار کیا کہ پاکستان نے آپریشن ”بنیان المرصوص“ میں واضح کر دیا ہے کہ اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی بھی خلاف ورزی کا فوری، یقینی اور مؤثر جواب دیا جائے گا، اور اس کے بعد پیدا ہونے والی کسی بھی کشیدگی کی ذمہ داری بھارتی قیادت پر عائد ہوگی جو وقتی سیاسی فائدے کے لیے پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
واضح رہے کہ آپریشن سندورمیں پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست پر 4 ماہ بعد اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے بھارتی ایئر چیف نے 6 پاکستانی طیارے مارگرانے کا مضحکہ خیز بیان دے دیا۔